ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: 4سالوں سے   سائیکلون شیلٹروں کی تعمیر ادھوری : کہیں کام میں ہی نہ ڈوب جائے سائیکلون شیلٹر

کاروار: 4سالوں سے   سائیکلون شیلٹروں کی تعمیر ادھوری : کہیں کام میں ہی نہ ڈوب جائے سائیکلون شیلٹر

Wed, 12 Jul 2023 20:31:59    S.O. News Service

کاروار:12؍جولائی   (ایس اؤ نیوز ) طوفان، سیلاب اور طغیانی جیسے سماوی آفات کے دوران  متاثرین کو عارضی راحت دینےکےلئے مرکزی  و ریاستی حکومتوں کے مشترکہ  منصوبے کے تحت منظور شدہ 6سائیکلون شلٹر (طوفان سے متاثرین کی پناہ گاہ )کی تعمیرابھی تک تکمیل کو نہیں پہنچی ہے اب بھی عمارت کے اندرونی حصے میں کام باقی ہے۔ خیال رہےکہ سائیکلون شلٹر کو 4سال قبل ہی منظور کیاگیا تھا اور پچھلے 4برسوں سے اس کا تعمیراتی کام جاری ہےجو ابھی تک پورا نہیں ہواہے۔

ضلع کے ساحلی پٹی پرواقع تعلقہ جات میں بارش کے موسم میں پیدا ہونے والے طوفانی ، سیلاب والے حالات میں متاثرین کو عارضی طورپر  سائیکلون شیلٹر معاون ہونگے اور انہیں قیام و طعام کی سہولت میسر ہوگی۔ سال 2018میں طوفانی خطرے کو کم کرنے والے نیشنل سائیکلون رسک مٹگیشن پروجکٹ (NCRMP) منصوبے کے تحت اترکنڑا ضلع کےلئے 6سائیکلون شیلٹر منظور کئے گئے تھے۔ متعلقہ شیلٹر  مزکری حکومت کے 60فی صد اور ریاستی حکومت کے  40فی صد امداد سے تعمیر کئے جارہےہیں۔ ابتداء میں جب تعمیر شروع ہوئی تو کورونا وباء کے چلتے تعمیراتی کام ادھورے رہ گئے تھے۔ برسوں تعمیراتی کام نہیں ہونےکی وجہ سے عمارت کےلئے لائے گئے لوہے کی سلاخیں زنگ آلود ہوکر بیکار ہوچکی ہیں۔ جھلی ، سیمنٹ وغیرہ چوروں کے کام آئے اور کورونا کے بعد مزدوروں کی کمی کی وجہ سے تعمیرمیں دیری ہوتی رہی۔ اس تعلق سے جب اخبارات میں خبریں شائع ہوئیں تو ضلع انتظامیہ بیدار ہوکر تعمیری کاموں کی شروعات کی۔ اب عمارت کی تعمیر تقریبا ً پوری ہوگئی ہے لیکن اندرونی کام اب بھی باقی ہے۔

عمارت کی خصوصیت: سماوی آفات، طوفان، سیلاب کے موقع پر پناہ گزینوں کو فوری طورپر راحت پہنچانے کا مقصد لےکر سائیکلون شلٹر کی تعمیر کی جارہی ہے۔ عمارت میں قریب 500پناہ گزین عارضی قیام کرسکتےہیں۔ عورتوں اور مردوں کےلئے الگ الگ کمرے ، بیڈوالے آرام گاہیں ، ہال، طعام گاہ اور اسکول جیسی سہولیات دستیاب ہونگی۔ عمررسیدہ بزرگوں اور اپاہجوں کےلئے نیچے کی منزل میں الگ سے انتظام موجود ہے۔عوام کی خواہش ہے کہ  ایسی بہت ساری سہولیات سے آراستہ ایک جدید عمارت کا کام جلد مکمل ہو اور عوامی استعمال کےلئے میسر ہو۔

کہاں کہاں سائیکلون شلٹر ہیں :بھٹکل تعلقہ کے شرالی ، ہوناور تعلقہ منکی، کمٹہ تعلقہ ہلدی پور، کاروار تعلقہ آمدلی اور انکولہ تعلقہ کے بیلکیری  اور بیلمبار میں فی کس 2.60کروڑ روپیوں کی لاگت سے سائیکلون شلٹروں کی تعمیر ہورہی ہے۔

تعمیرجلد مکمل ہوگی :ضلع کے اپر ڈی سی راجو موگویر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتےہوئے بتایا کہ عمارت کے تعمیراتی کام تقریبا ً مکمل ہوگئے ہیں۔ عمارت کے اندر بجلی لائن کا کام باقی ہے۔ جتنی جلد ہوسکے اس کو پورا کرلیاجائے گا۔ ضرورت ہوئی تو سائیکلون شلٹرو ں کا استعمال کیا جائے گا۔


Share: